فاطمہ کالج (بعثت گرلز ہائیر سیکنڈری سکول) میں عید غدیر کا پُروقار جشن / طالبات میں ولایت شناسی کے جذبات کا فروغ

حوزہ / عیدِ سعید غدیر خم کی بابرکت مناسبت پر بعثت گرلز ہائیر سیکنڈری سکول (فاطمہ کالج) میں ایک شاندار اور پُروقار جشن کا انعقاد کیا گیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، عیدِ سعید غدیر خم کی بابرکت مناسبت پر بعثت گرلز ہائیر سیکنڈری سکول (فاطمہ کالج) میں ایک شاندار اور پُروقار جشن کا انعقاد کیا گیا۔ یہ جشن نہ صرف خوشیوں کا پیغام لے کر آیا بلکہ طالبات کو ان کے دینی اور ولائی فرائض سے روشناس کرانے کا ایک ذریعہ بھی بنا۔

اس موقع پر سکول کی طالبات نے عید غدیر کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے مختلف پروگراموں میں شرکت کی۔ جشن کا آغاز تلاوتِ قرآن اور نعت پاک سے ہوا جس نے فضا کو روحانی اور معنوی بنا دیا۔ اس کے بعد مقررین نے طالبات کو ولایتِ امام علی علیہ السلام کی اہمیت، حقیقی معنوں میں معرفتِ اہلِ بیت علیہم السلام اور غدیر کے واقعے کے پیغام سے آگاہ کیا۔

فاطمہ کالج (بعثت گرلز ہائیر سیکنڈری سکول) میں عید غدیر کا پُروقار جشن / طالبات میں ولایت شناسی کے جذبات کا فروغ

پروگرام کا خاص حصہ امام زمانہ حضرت مہدی علیہ السلام سے تجدیدِ عہد تھا۔ اس موقع پر طالبات نے اجتماعی طور پر یہ عہد کیا کہ "ان شاء اللہ ہم اپنی قیمتی زندگی کو راہِ ولایت، تعلیماتِ اہلِ بیت علیہم السلام اور اسلامی اقدار کے مطابق گزاریں گی اور دینِ مبین اسلام کی خدمت کو اپنا مقصد بنائیں گی۔" اس تقریب نے طالبات میں ولایت سے تعلق اور امامِ زمانہ (ع) سے وفاداری کے جذبات کو مزید فروغ دیا۔

سکول کے منتظمین نے بھی طالبات کو عیدِ غدیر کی مبارکباد پیش کی اور انہیں نصیحت کی کہ وہ ہمیشہ اپنی زندگی میں عدل، انصاف اور سچائی کے راستے پر چلیں اور حضرت علی علیہ السلام کی سیرت کو اپنا نمونۂ عمل بنائیں۔

آخر میں تمام شرکاء نے اللہ تعالیٰ سے دعا کی کہ "ہماری بیٹیوں کو معرفتِ امام (ع)، عشقِ ولایت اور خدمتِ دین کی دولت سے مالا مال فرمائے اور انہیں سیدہ فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی اطاعت اور راہِ ولایت پر ثابت قدم رکھے۔

قابل ذکر ہے کہ یہ جشن انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ اختتام پذیر ہوا اور طالبات میں علمی، روحانی اور اخلاقی طور پر نئے جذبے کا اظہار دیکھنے کو ملا۔

فاطمہ کالج (بعثت گرلز ہائیر سیکنڈری سکول) میں عید غدیر کا پُروقار جشن / طالبات میں ولایت شناسی کے جذبات کا فروغ

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha